وزارت اطلاعات نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کے خلاف ڈرون حملوں سے متعلق کیے گئے دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کے بیانات حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوشش ہیں۔ پاکستان نے افغان دعوؤں کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ زمینی حقائق کو غلط معلومات کے ذریعے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
وزارت اطلاعات نے بتایا کہ ایک ڈرون پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا جسے پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کے مطابق پاکستانی فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال اور مؤثر ہے اور ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔
وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گرد تنظیموں کے مراکز افغان سرزمین پر موجود ہیں اور افغان طالبان ایسے بیانات کے ذریعے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ کسی بھی قسم کی جارحیت یا فضائی حدود کی خلاف ورزی کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان امن اور علاقائی استحکام کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ حکام کے مطابق حقائق پر مبنی مؤقف ہی خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے۔