دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ہائی وولٹیج ٹاکرا ابھی جاری ہے اور بھارتی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیے گئے 242رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہی ہے۔
پاک بھارت میچ میں بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا، انہوں نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا 200واں ون ڈے کیچ پکڑا جو کسی بھی بھارتی کھلاڑی کی جانب سے ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس میچ میں جہاں کیچز چھوٹے ہیں وہیں ویرات کوہلی نے نسیم شاہ کا لانگ آن پر دوڑتے ہوئے انتہائی شاندار کیچ تھاما جنہوں نے 16گیندوں پر 14رنز بنائے اور کلدیپ یادیو کی گیند پر ویرات کوہلی کو کیچ تھما دیا۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے آئی سی سی ون ڈے ایونٹس میں سب سے بڑا ہدف عبور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرکے تاریخ رقم کر دی۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں ایک جانب انگلینڈ 350 رنز بنانے والی پہلی ٹیم بنی تو دوسری جانب آسٹریلیا ٹورنامنٹ کی تاریخ میں 350 سے زائد رنز کا ہدف عبور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
دونوں ٹیموں نے میچ کے دوران ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ بنایا، انگلینڈ اور آ سٹریلیا نے مجموعی طور پر 707 رنز بنائے۔اس سے قبل 2017ء میں بھارت اور سری لنکا کے میچ کے دوران مجموعی طور پر 643 رنز بنے تھے۔