بجلی صارفین کو بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں 2 روپے فی یونٹ کمی متوقع ہے۔
نیپرا میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) کی جانب سے جنوری کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے فی یونٹ تک کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
اگر یہ درخواست منظور ہوتی ہے تو سرکاری تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو ایک ماہ کے لیے بجلی سستی مل سکے گی۔ درخواست کے مطابق جنوری میں 7 ارب 81 کروڑ یونٹ بجلی فروخت ہوئی۔ نیپرا سماعت کے بعد اعداد و شمار کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے صارفین کے لیے بھی بجلی کی قیمت میں 4 روپے 95 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔ کے الیکٹرک (K-Electric) کی درخواست پر نیپرا نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ سماعت کے دوران کے الیکٹرک نے پانچ ارب روپے کے بقایا ایڈجسٹمنٹس کی درخواست کی تھی۔
کمپنی کا موقف تھا کہ پارشل لوڈ، اوپن سائیکل، اور اسٹارٹ اپ کاسٹ جیسے اخراجات کی مد میں انہیں پانچ ارب روپے کی ادائیگی کی جانی چاہیے۔