مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے پارٹی کو فعال کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
سابق وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ن لیگ کی ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے،پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ن لیگ کا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اسے سیاسی بحرانوں میں دھکیلا گیا اللہ تعالی کی مددسے پاکستان کی معیشت کو دوبارہ بحالی کے راستے پر ڈالا ہے۔
پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ن لیگ خیبر پختونخوا کی صوبائی تنظیم سے ملاقات کے دوران نواز شریف نے زاہد خان کی ن لیگ میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم نے کہا کہ زاہد خان منجھے ہوئے سیاسی کارکن ہیں اور ان کی شمولیت سے مسلم لیگ(ن) کی طاقت میں ا ضافہ ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پاکستان کا دل ہے اور وہاں کی عوام نے تحریک پاکستان اور دہشت گردوں کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔