محکمہ موسمیات کے مطابق 2 ستمبرتک کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، مٹھی، تھر پارکر، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو میں بھی بارش جبکہ بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلات، اور خضدار میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران کشمیر اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی اور اچانک سیلاب آ سکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سے سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں کئی گھنٹوں سے جاری موسلادھار بارش نے سیلاب میں ڈوبے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ، متعدد علاقے بجلی سے محروم ، راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے ، صوبے میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 30 ہوگئیں۔