خیبر پختونخوا حکومت نے مسافروں کی سہولیات کیلئے بی آر ٹی کیلئے 50 نئی 12 میٹرو بسوں کی خریداری کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اکرم اللہ خان کی زیر صدارتٹرانس پشاور کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 42 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں نئی بسیں پشاور بی آر ٹی کے متوقع روٹس باڑہ روڈ، خیبر روڈ اور رنگ روڈ پر چلائی جائیں گی، بسوں کی خریداری کیلئے موجودہ وینڈر سے خریداری یا اوپن ٹینڈر کے آپشنز پر غور کیا گیا۔
ٹرانس پشاور کے مطابق دونوں آپشنز کے تحت بسوں کی لاگت، ڈلیوری ٹائم اور ممکنہ مالی بچت کے حوالے سے بورڈ کو مکمل بریفنگ دی گئی۔ بسوں کی خریداری کا عمل خیبر پختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (KPPRA )کے قوانین کے مطابق ہوگا۔
ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ بسوں کی خریداری کے حتمی فیصلے کے لئےکیس صوبائی کابینہ اور چیف منسٹر کو بھیجا جائے گا۔ اجلاس کے دوران ذو بزنس سینٹر چمکنی کیلئےریزرو قیمت کی منظوری بھی د یدی گئی، ذو بزنس سینٹر پرائیویٹ اداروں کو اوپن آکشن اور سرکاری اداروں کو G2G قواعد کے تحت لیز پر دیا جا سکتا ہے۔