فیفا ورلڈکپ میں کینیڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قطر کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے دی اور نہ صرف ایونٹ میں تین قیمتی پوائنٹس حاصل کیے بلکہ ورلڈکپ کی تاریخ میں اپنی پہلی فتح بھی اپنے نام کر لی۔
وینکوور میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں کینیڈین ٹیم نے آغاز ہی سے کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی۔ میچ کے 78 فیصد وقت تک گیند کینیڈا کے کھلاڑیوں کے پاس رہی جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے قطر کے دفاع کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔
کینیڈا کی جانب سے گولوں کا سلسلہ 16ویں منٹ میں شروع ہوا جب لارین نے شاندار موو مکمل کرتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔ اس کے بعد جوناتھن ڈیوڈ نے 29ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کیا جبکہ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری تین صفر کر دی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر قطر کی ٹیم مکمل طور پر دباؤ کا شکار دکھائی دی۔
دوسرے ہاف میں بھی کینیڈا کی برتری برقرار رہی اور زیادہ تر کھیل قطر کے حصے میں ہی جاری رہا۔ 64ویں منٹ میں سلیبہ نے ایک اور گول کرکے برتری چار صفر کر دی۔ 75ویں منٹ میں قطر کے کھلاڑی منائی کی بدقسمتی سے گیند اپنے ہی جال میں چلی گئی جس کے نتیجے میں کینیڈا کا پانچواں گول اسکور ہوا۔
میچ کے اضافی وقت میں جوناتھن ڈیوڈ نے اپنا تیسرا اور ٹیم کا چھٹا گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی اور یوں مقابلہ چھ صفر کے یکطرفہ اسکور پر ختم ہوا۔
تاریخی کامیابی کے ساتھ کینیڈا نے تین اہم پوائنٹس حاصل کیے جبکہ مجموعی طور پر چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی میں بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی۔ ماہرین کے مطابق یہ فتح کینیڈین فٹبال کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے اور ٹیم کے لیے اگلے مرحلے کی راہ مزید ہموار کر سکتی ہے۔