وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو خواتین کے لیے صوبے کا پہلا ٹرانسپورٹ سلوشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم دیہات میں رہنے والی خواتین کا بھی حق ہے۔
انہوں نے دیہی خواتین کو ٹرانسپورٹ خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کا مطالبہ کیا اور حکام کو ہدایت کی کہ ہر دیہی تحصیل سے ضلع ہیڈ کوارٹر تک بس سروس شروع کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے انٹر ویلیج ٹرانسپورٹ پلان تیار کرنے کا بھی حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ مناسب نقل و حمل کے نظام کا نہ ہونا دیہی خواتین کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ دیہی خواتین کو تکلیف دہ حالات میں پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہوئے دیکھنا بہت افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے جدید نظام کی فراہمی سے دیہی خواتین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ طالبات اور بیمار خواتین کو اب ٹرانسپورٹ میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے دور دراز اضلاع میں 25 بسوں کے ذریعے مرحلہ وار ماس ٹرانزٹ سسٹم شروع کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں خواتین مسافروں کو سبسڈی فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔