رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی ملک میں چینی کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔
حکومت کی جانب سے بیرون ملک چینی کی فروخت کی اجازت دینے کے فیصلے کے بعد ملکی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا۔ چینی کی قیمت میں ایک ہی دن میں 10 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ ماہ رمضان کے پہلے ہی دو دنوں میں چینی کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
لاہور میں پرچون مارکیٹ میں چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ کچھ علاقوں میں یہ قیمت 170 روپے فی کلو تک بھی دیکھی گئی ہے۔ تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت 160 روپے فی کلو ہے جبکہ شوگر ملز کی قیمت ساڑھے 7 ہزار روپے فی 50 کلو تھیلہ ہو گئی ہے۔
کراچی میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 170 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ تاجر رہنما عارف گجر کے مطابق حکومت کی جانب سے چینی کی برآمد کی اجازت دینا چینی کی قیمتوں میں اضافے کا بنیادی سبب ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چینی کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے جو عوام کے لیے مزید مشکلات کا باعث بنے گی۔