ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث مری اور گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔ مری میں 12 انچ، نتھیا گلی اور ایوبیہ میں 14، چھانگلہ گلی میں 16 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ مالم جبہ میں 19 اور کالام میں 18 انچ تک برفباری ہوئی، جبکہ وادی شگر اور اپر چترال کے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
اسلام آباد مری ایکسپریس وے عارضی طور پر بند کردی گئی اور گلیات کے تعلیمی اداروں میں تین روزہ تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، لاہور میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شدید برفباری کے باعث اسلام آباد مری ایکسپریس وے کو عارضی طور پر بند کردیا گیا، جبکہ گلیات کے تعلیمی اداروں میں تین روزہ تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ برف ہٹانے اور سڑکوں کی بحالی کے لیے ہیوی مشینری کا استعمال کیا جارہا ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بادل جم کر برسے، جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر 60 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مندرہ، روات اور موہڑہ میں شدید ژالہ باری ہوئی، جس سے ہر طرف سفید چادر بچھ گئی۔
بلوچستان کے علاقوں زیارت، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی میں بھی برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ چمن، قلعہ عبداللہ اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔