بنوں کینٹ حملے میں 12معصوم شہریوں کی شہادت، 32 زخمی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے رپورٹ طلب کرلی

بنوں کینٹ حملے میں 12معصوم شہریوں کی شہادت، 32 زخمی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے رپورٹ طلب کرلی

سیکیورٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر بزدل دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ 2 خود کش حملہ آوروں سمیت 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ افسوسناک واقعے میں 12معصوم شہریوں کے شہید جبکہ 32 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

آج افطار کے بعد دہشتگردوں کی جانب سے بنوں کینٹ پر حملے کی کوشش کی گئی۔ 2 دہشتگرد خودکش حملہ آوروں نے بنوں کینٹ کی دیوار کیساتھ خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ زوردار دھماکے سے دیوار میں سوراخ ہوگیا اور 4 دہشتگردوں نے کینٹ میں گھُسنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسزنے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوارج کی کوشش ناکام بنا دی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں چاروں خوارج جہنم واصل ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشتگردوں کے منصوبے کو خاک میں ملایا اور تمام 6 خوارج مارے گئے۔

بنوں کینٹ حملوں میں سویلینز کی شہادت، مسجد کی چھت چھت گر گئی

بنوں کینٹ کی دیوار پر خودکُش دھماکے کی وجہ سے گردونواح  کی عمارتوں کی کچھ دیواریں اور چھتیں گرنے سے 12معصوم شہریوں کی شہادت اور 32 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ شہید ہونے والوں میں پانچ خواتین اور چار بچے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کینٹ سے ملحقہ مسجد کی چھت گر گئی۔ مسجد میں نمازی عبادت میں مصروف تھے، چھت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں ملبے سے نکالا جارہا ہے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو دہشتگردوں سے مکمل طور پر کلئیر کر لیا گیا ہے اور علاقے کا کنٹرول پاک فوج نے سنبھال لیا ہے۔ پاک فوج کا عزم ہے کہ دہشتگردوں کی ہر کارروائی کو ناکام بنایا جائیگا۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں گی۔ تین معصوم شہری مسجد میں شہید ہوئے، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق باقی معصوم شہری بارودی دھماکے سے بازار میں پھٹنے والی گاڑی کی وجہ سے عمارت منہدم ہونے سے شہید ہوئے، سیکیورٹی ذرائع کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق فتنہ الخوارج کے باقی ماندا خارجیوں کا فون پر افغانستان سے رابطہ ہے، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آخری خارجی کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے رپورٹ طلب کرلی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں کینٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پراظہارِ افسوس کیا اورشہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبرِجمیل کی دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

علی امین گنڈاپور نے ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں اس طرح کے واقعات انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *