پارلیمان سے اپنی تنخواہیں بڑھانے والوں نے اپنے ہی ملازمین کی تنخواہیں کم کردیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں پر پچاس فیصد کٹ لگا دیا، پی ٹی آئی سیکرٹریٹ ملازمین کو ملنے والی دیگر مراعات بھی ختم کر دی گئیں۔
ملازمین کو دی گئی پیٹرول کی سہولت بھی ختم کر دی گئی، پی ٹی آئی کے پچیس سے زائد ملازمین کی تنخواہوں کو کم کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے تمام ملازمین متعدد بار پارٹی کے لئے پابند سلاسل بھی رہے۔
ذرائع کے مطابق ملازمین نے کہا کہ ہمارے اہل خانہ کو بھی پارٹی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ہم پارٹی کے ساتھ روز اول سے کام کر رہے ہیں اور ایسے موقع پر ہمارے ساتھ ایسا کرنا نا انصافی ہے، ہم نے پارٹی کے لئے قربانیاں دیں جس کا پھل ہماری تنخواہیں کاٹ کر ملا۔
شیخ وقاص اکرم نے اس بارے میں کہا کہ میں ملازمین کی تنخواہیں کم کرنے کے حق میں نہیں تھا، پارٹی کے اکائونٹس منجمند ہیں، پارٹی کو کرائسس کا سامنا ہے، حالات بہتر ہونے پر ملازمین کی تنخواہیں دوبارہ بڑھائیں گے۔