صدرِمملکت، وزیراعظم اور چئیرمین سینیٹ کی بنوں میں دھماکوں کی مذمت اور قیمتی جانی نقصان پر اظہارِ افسوس

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں محمد شہباز اورچئیرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سمیت اہم شخصیات نے بنوں کینٹ پر افطار کے دوران د ہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

آج افطار کے بعد دہشتگردوں کی جانب سے بنوں کینٹ پر حملے کی کوشش کی گئی۔ 2 دہشتگرد خودکش حملہ آوروں نے بنوں کینٹ کی دیوار کیساتھ خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ زوردار دھماکے سے دیوار میں سوراخ ہوگیا اور 4 دہشتگردوں نے کینٹ میں گھُسنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسزنے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوارج کی کوشش ناکام بنا دی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں چاروں خوارج جہنم واصل ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشتگردوں کے منصوبے کو خاک میں ملایا اور تمام 6 خوارج مارے گئے۔

صدر مملکت کا بیان

صدرِمملکت آصف زرداری نے بنوں کینٹ پر دہشتگرد حملے کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اورکہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں افطار کے دوران ایسا حملہ گھناؤنا عمل ہے۔ پوری قوم ایسی مذموم کاروائیوں کو مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کی سرکوبی کیلئے کاروائیاں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ صدر مملکت نےشہداء کیلئے بلندی درجات اوراہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم کا بیان

وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں کینٹ پر خوارج کا حملہ ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو واصل جہنم کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیااور سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پزیرائی۔

وزیرِ اعظم نے افسوسناک واقعے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا۔ انہوں نے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعاکی اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں نے فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنایا۔رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج پاکستان اور اسکے معصوم شہریوں کے دشمن ہیں جن کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔فتنہ الخوارج کی مکمل سرکوبی تک اسکے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

چئیرمین سینیٹ کا بیان

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بنوں کینٹ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بنوں کینٹ پر حملہ پاکستان دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ ملک دشمن عناصر ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے بنوں حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اورکہا کہ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کے جوانوں نے بہادری سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ ہماری افواج ہر لمحہ مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *