صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف نے بنوں چھاؤنی پر حملے کے نتیجے میں فتنتہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بدھ کو ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا بنوں کینٹ پر حملے کے دوران دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلے کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے 5 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے جوانمردی سے خوارج دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے 4 خودکش حملہ آوروں سمیت 16 دہشتگردوں کا خاتمہ کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔
صدر مملکت نے واقعے میں 5 جوانوں سمیت معصوم شہریوں کی شہادت پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے لیے بلندی درجات کی دعا کی اور اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ادھر وزیر اعظم سیکٹریٹ سے جاری بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی بنوں چھاؤنی پر حملے کے دوران فتنتہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور اس میں پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بنوں چھاؤنی حملہ میں ملوث فتنتہ الخوارج کے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا اور ملک کو ایک بڑے نقصان سے بچایا۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں پوری قوم مسلح افواج کو سلام پیش کرتی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔