جنوبی افریقہ انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا، پول میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کر لی۔
آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے گیارہویں میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم 179 رنز پر آئوٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 29.1 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس طرح انگلینڈ کو تیسرے میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ لیکن کوئی بھی کھلاڑی افریقی بائولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا، پوری ٹیم 179 بنا کر آئوٹ ہو گئی اور جنوبی افریقہ کو 180 رنز کا ہدف دیا۔
جانسین اور ملڈر نے 3، 3 اور مہاراج نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اب افغانستان کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ اس طرح جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بھارت نے سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے۔
گروپ بی میں انگلینڈ افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے۔
انگلینڈ کے اسکواڈ میں فل سالٹ، بین ڈکٹ، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، جو روٹ، ہیری بروک، جوس بٹلر(کیپٹن)، لیام لیونگ اسٹون، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر،عادل رشید، سقیب محمود شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ریان ریکیلٹن، ٹرسٹن اسٹبس، رسی وان ڈیرڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرچ کلاسین (وکٹ کیپر)، ڈیوڈ ملر، وایان مولڈر، مارکو جانسن، کیشاو مہاراج، کاگیسو ربادا، لنگی نگیڈی شامل ہیں۔