مفت سولر سسٹم کی فراہمی کے حوالے سے خوشخبری سنا دی گئی

مفت سولر سسٹم کی فراہمی کے حوالے سے خوشخبری سنا دی گئی

سندھ حکومت نے بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی۔

سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں ایسے شہری جو بجلی کے بل ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، انہیں مفت سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف بجلی کے بلوں میں کافی حد تک کمی آئے گی بلکہ عوام کو سستے اور پائیدار توانائی کے ذرائع تک رسائی بھی میسر ہوگی۔

مزید پڑھیں: چیف منسٹر پنجاب فری سولر پینل سکیم کا باضابطہ افتتاح ہو گیا 

شرجیل میمن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 21 لاکھ افراد کو مفت گھر فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ جیسے شعبوں میں بھی بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں۔

اجلاس میں پیپلز ہاؤسنگ اسکیم، این آئی سی وی ڈی، پیپلز بس سروس، پنک بس سروس، شاہراہ بھٹو اور آٹزم سینٹرز جیسے منصوبوں کی پیشرفت پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ سندھ بھر میں زمینیں واگزار کرانے کے عمل کو تیز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی کا اہم حصہ جام صادق پل کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے گا، جس سے کراچی کے شہریوں کو جدید اور موثر پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی سہولت میسر آئے گی۔شرجیل میمن نے زور دیا کہ سندھ حکومت عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *