پاکستان میں اسمبل ہونیوالے موبائل فونز کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

پاکستان میں اسمبل ہونیوالے موبائل فونز کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

بیرون ممالک سے درآمد کی جانے والی موبائل فون سکرینز کی کسٹمز ویلیو میں تبدیلی کر دی گئی ، جس کے نتیجے میں پرانے موبائل فونز کی مرمت کے اخراجات میں اضافہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ پاکستان میں موبائل فون اسمبل کرنے والے مینوفیکچررز کے موبائل فونز کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

انگریزی اخبار بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن (ڈی جی سی وی) نے چین اور ہانگ کانگ سے درآمد ہونے والی موبائل فون سکرینز کی نئی کسٹمز ویلیو مقرر کر دی ہے۔ اس کے بعد پرانی ویلیوایشن رولنگ نمبر 1576/2021 کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور نئی ویلیوایشن رولنگ نمبر 1979/2025 نافذ العمل ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافہ

رپورٹ کے مطابق کسٹمز ویلیو میں یہ تبدیلی درآمدی ڈیٹا کے تجزیے، موجودہ مارکیٹ رجحانات، قیمتوں میں فرق اور کسٹمز ویلیو میں ضروری ایڈجسٹمنٹ کے پیش نظر کی گئی ہے۔ کسٹمز ایکٹ 1969ء کے سیکشن 25 اور 25A کے تحت، متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ سٹیک ہولڈرز کو اپنا موقف پیش کرنے اور درآمدی دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اس عمل کے دوران گزشتہ 90 دنوں کے درآمدی ڈیٹا کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی، جس کے بعد مخصوص اشیاء کی ٹرانزیکشن ویلیو کا تعین کیا گیا۔ نئی کسٹمز ویلیو کو ڈیوٹی اور ٹیکسز کے تخمینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق نئی ویلیو ایشن کا سب سے زیادہ اثر پرانے موبائل فونز کی مرمت پر پڑے گا کیونکہ سکرینز کی کسٹمز ویلیو بڑھنے سے مرمت کے اخراجات میں اضافہ ہو گا۔ اسی طرح پاکستان میں موبائل فون اسمبل کرنے والے مینوفیکچررز کو بھی اپنی مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے، جس کا براہ راست اثر صارفین پر پڑے گا۔

ڈی جی سی وی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ فیصلہ مارکیٹ کے موجودہ رجحانات اور درآمدی ڈیٹا کے مکمل تجزیے کے بعد کیا گیا ہےتاکہ کسٹمز ویلیو کو موجودہ حالات کے مطابق ایڈجسٹ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل میں تمام متعلقہ فریقین کے موقف کو مدنظر رکھا گیا ہے اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *