سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے دس افراد کیخلاف طلبی کے نوٹسز جاری کردیئے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی قائم کردہ جے آئی ٹی نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف منفی پروپیگنڈا کرنے والی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے 10 افراد کو طلب کرلیا۔
جن افراد کو طلبی کے نوٹسز جاری کئے گئے ان میں آصف رشید، محمد ارشد، صبغت اللہ ورک، اظہر مشوانی، محمد نعمان افضل، جبران الیاس، سید سلمان رضا زیدی، ذلفی بخاری، موسیٰ ورک اورعلی حسنین ملک شامل ہیں۔
ان افراد کیخلاف جے آئی ٹی کو بذریعہ نوٹیفیکیشن F.No.8/9/2024-FIA/الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے تحت تشکیل دیا گیا تھا۔ جے آئی ٹی، انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کی سربراہی میں تحقیقات کر رہی ہے۔
جے آئی ٹی ان افراد کیخلاف تحقیقات کر رہی ہے، جنہوں نے سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف زہرافشانی کی اور بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں۔ جے آئی ٹی کا مقصد قانون کے مطابق مجرموں کی شناخت اور ان کے خلاف قانونی کاروائی کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے پاس اس حوالے سے کافی مواد موجود ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تمام افراد اس معاملے میں ملوث ہیں۔ ان تمام افراد کو بذریعہ نوٹس 7 مارچ 2025ء دوپہر 12 بجے جے آئی ٹی کے سامنے طلب کیا گیا ہے۔