عمران خان نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل طلب کر لیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کا بلاوا ملتے ہی ملک احمد خان بھچر اڈیالہ جیل روانہ ہوگئے۔ اپوزیشن لیڈر، عمران خان کو پارٹی کے اراکین اسمبلی کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔ اس کے علاوہ وہ پنجاب میں پارٹی کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دیں گے۔
ان کے علاوہ عمر ایوب، اعظم خان سواتی، صاحبزادہ حامد رضا، اسد قیصر، جنید اکبر، علامہ ناصر عباس بھی عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل روانہ ہوئے ہیں۔
دوسری جانب جمعرات کو پارلیمنٹ سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمرایوب نے کہا کہ اپوزیشن الائنس میں موجود تمام پارٹیاں ایک پیج پرآ رہی ہیں، اپوزیشن کی سیاسی پارٹیوں کا ایک ہی ہدف ہے کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔
عمرایوب نے کہا کہ عدالتیں فیصلے میرٹ پر کریں گی تو ملک میں خوشحالی آئے گی، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، بجلی و گیس کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے، ملک میں کاروبار سکڑ چکا ہے، دہشتگردی بڑھ رہی یے، ملک کے سیکیورٹی اداروں کا جو کام ہے وہ نہیں کر رہے ہیں، ہمارے نوجوان سپاہی وافسران شہید ہو رہے ہیں۔
عمر ایوب نے الزام لگایا کہ پاکستان میں امن و امان قائم کرنے والے تقریباً 13 ادارے ہیں لیکن ان کا ایک ہی مقصد پی ٹی آئی کے لوگوں کے خلاف کیسز بنانا ہے ۔ عمرایوب نے الزام عائد کیا کہ آصف علی زرداری اور ان کا بیٹا بلاول بھٹو زرداری سندھ کے عوام کو بڑا دھوکا دینے جا رہے ہیں، یہ لوگ سندھ کا پانی بیچنے جا رہے ہیں۔ پیکا ایکٹ پر بلاول مگر مچھ کے آنسو رو رہا ہے لیکن یہ خود اس میں ملوث تھا۔