پرانا آئی فون لائیں، نیا لے جائیں، پاکستانی صارفین کیلئے بڑی پیشکش

پرانا آئی فون لائیں، نیا لے جائیں، پاکستانی صارفین کیلئے بڑی پیشکش

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے پاکستان میں تسلیم شدہ ڈسٹری بیوٹر مرسینٹائل نے ملک میں پہلی بار آئی فون ایکسچینج پروگرام کا آغاز کر دیا۔

اس پروگرام کے تحت صارفین اپنے پرانے آئی فونز کو ایکسچینج کر کے نئے ماڈلز حاصل کر سکیں گے۔ مرسینٹائل کے مطابق یہ سہولت 7 مارچ سے شروع ہو گی، جس کے تحت صارفین اپنے پرانے آئی فونز دے کر باقی قیمت کا فرق ادا کرتے ہوئے نئے آئی فونز خرید سکیں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں اسمبل ہونیوالے موبائل فونز کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

پاکستان میں موجود آئی فون صارفین کے لیے اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کچھ شرائط رکھی گئی ہیں۔ صارفین کے فونز پی ٹی اے سے تصدیق شدہ ہونے چاہئیں، فون کا ماڈل آئی فون 11 یا اس کے بعد کا ہونا ضروری ہے، فون مکمل طور پر فعال حالت میں ہو اور کبھی رپیئر نہ ہوا ہو۔ اس کے علاوہ صارف کے پاس آئی فون کا باکس بھی موجود ہونا چاہیے، جس پر فون کا آئی ایم ای آئی نمبر درج ہو۔

مرسینٹائل صارفین کے پرانے آئی فونز کی قیمت کا تخمینہ فون کی حالت کے مطابق لگائے گا اور فونز کی کوئی طے شدہ قیمت نہیں رکھی جائے گی۔ عام طور پر صارفین اپنا آئی فون اپ گریڈ کرنے کے لیے پرانا فون مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں لیکن اب مرسینٹائل یہ سہولت براہ راست فراہم کر رہا ہے۔

آئی فون ایکسچینج پروگرام کے لیے مرسینٹائل نے پاکستانی ٹیلی کام کمپنی جیز کے ساتھ شراکت کی ہے۔ یہ سہولت جیز کے لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے ایکسپیرینس سینٹرز سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس اقدام سے آئی فون صارفین کو اپنے پرانے فونز کو آسانی سے اپ گریڈ کرنے کا موقع ملے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *