کراچی : مکان کی چھت گرنے کے باعث خاتون اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار افغان بستی میں مکان کی چھت گر نے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر کی چھت گرنے سے وہاں پر موجود 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جاں بحق ہونے والوں میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کا بتانا ہے چھت گرنے سے 5 خواتین، بچوں سمیت 6 افراد چل بسے، حادثے کی شکار ہونے والی فیملی کا تعلق بنوں سے ہے۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ لاشیں نجی ہسپتال سے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ لینٹرکی چھت کو مضبوط کرنے کے لئے تعمیراتی کام جاری تھا، گھر کی چھت ریت بجری کا وزن برداشت نہیں کرسکی، جاں بحق اور زخمی تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سےبتایا جا رہا ہے ۔