امریکا نے سینئر پاکستانی سفارتکار کو امریکا میں داخلے سے روک دیا، پاکستانی سفارتکار نجی دورےپر لاس اینجلس ائیر پورٹ پہنچے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سینئر سفارتکار نجی دورے پر لاس اینجلس ایئرپورٹ پہنچے تھے، جہاں امریکی امیگریشن حکام نے ان کو امریکا داخلے سے روک دیا۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں سینئر پاکستانی سفارتکار پر امریکا میں تعیناتی کے دوران انتظامی بدعنوانی کی شکایات سامنے آئی تھی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان شکایات کی بنیاد پر پاکستانی سفارتکار کو امریکا میں داخلے سے روک دیا گیا۔ سینئر سفارتکار اس وقت وسطی ایشیائی ملک میں پاکستان کے سفیر ہیں، سفارتکار اپنے نجی دورے پر امریکا جا رہے تھے۔ سفارتکار کے کے احسن وگن نجی دورے پر امریکا پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق سفارتکارکے خلاف کچھ شکایات تھیں جس کی بنا پر انھیں لاس اینجلس کے ائرپورٹ سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
کے کے احسن وگن کچھ سال قبل وہاں تعینات رہے اور پھر امان میں بھی تعینات رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت کار کی بے دخلی کا کسی معاملے یا کسی پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہے، کے کے احسن وگن جب امریکا میں تعینات تھے تو انتظامی شکایات ضرور تھیں، قیاس کیا جارہا ہے کہ اس حوالے سے کوئی کارروائی ہوئی ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس حوالے سے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ یا ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ایسی کوئی آفیشل تحریر نہیں آئی اور نہ ہی دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے اس بارے میں کوئی وضاحت آئی ہے۔ کے کے احسن وگن کو 6 ماہ قبل ہی ترکمانستان بھیجا گیا۔