وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ سولر نیٹ میٹرنگ کی نئی پالیسی کے باوجود سولر لگانے والے صارفین چار سال کے اندر اپنا پیسہ وصول کر لیں گے۔
اپنے ایک بیان میں اویس لغاری نے کہا کہ نئے سولر صارفین سے بجلی 27 روپے کے بجائے 10 روپے فی یونٹ خریدی جائیگی تاہم اس فیصلے کا اطلاق پہلے سے موجود صارفین پر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سولر انرجی کی حوصلہ شکنی نہیں کر رہی۔ سولر سے ہر سال 1200 میگاواٹ بجلی پیداوار کی امید ہے۔
وزیر توانائی نے کہا کہ ایکسپورٹ سولر یونٹ پر ٹیکس نہیں لگے گا، مفتاح اسماعیل لاعلم ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نئی پالیسی کے بعد نیٹ میٹرنگ میں کمی نہیں اضافہ ہوگا۔ سولر نیٹ میٹرنگ کی نئی پالیسی کے باوجود سولر لگانے والے ساڑھے تین سے چار سال میں اپنا پیسہ وصول کرلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکسپورٹ یونٹس پر ٹیکس نہیں لگے گالیکن گرڈ سے خریدی گئی بجلی پر ٹیکس لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات کرکے 400ارب روپے سالانہ کا بوجھ کم کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر صارفین سے خریدی جانیوالی بجلی کی قیمت کم کر دی۔ نئے سول صارفین سے بجلی 27 روپے کے بجائے 10 روپے فی یونٹ خریدی جائیگی تاہم اس فیصلے کا اطلاق پہلے سے موجود صارفین پر نہیں ہوگا۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق سولر صارفین سے بجلی 10روپے فی یونٹ میں خریدنے کا فیصلہ مارکیٹ کے حالات کے مطابق کیا گیا ہے۔