وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جعفر ایکسپریس حملے سے متعلق کہا کہ یہ بزدلانہ دہشت گردی ہے، حملہ آوروں کو عبرتناک انجام تک پہنچائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خون بہانے والوں کو زمین پر جگہ نہیں ملے گی، دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔ دشمن سن لے! بلوچستان میں ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ریاست پر حملہ ناقابلِ برداشت، قاتلوں کو چن چن کر ماریں گے۔ عوام خوفزدہ نہ ہوں، دشمنوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی ادارے دہشت گردوں کے تعاقب میں ہیں، بچ کر کوئی نہیں جائے گا۔علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ پوری قوم اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردوں کی مکمل بیخ کنی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ قومی سلامتی پر حملہ ہے، بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کی کوئی جگہ نہیں۔ قومی یکجہتی سے دشمنوں کی جڑیں کاٹ کر رکھ دیں گے۔