سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کے دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال 190 مسافروں کو بحفاظت بازیاب اور 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
بدھ کو سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے اب تک 190 مسافروں کو دہشتگردوں سے باحفاظت بازیاب کروا لیا ہے جبکہ اس کارروائی کے دوران اب تک 30 دہشتگردوں کوہلاک کیا جا چکا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس پر بزدلانہ حملے کے دہشتگرد، افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، دہشتگردوں نے خود کش بمبار دہشتگردوں کو کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کے بالکل پاس بیٹھایا ہوا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کش بمباردہشتگرد خود کش جیکٹیں پہنے ھوئے ہیں، ممکنہ شکست کے پیش نظر دہشتگرد خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، باقی ماندا دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔