صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ سمیت اہم شخصیات کا جعفر ایکسپریس کے مغویوں کو بازیاب کرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین

صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ سمیت اہم شخصیات کا جعفر ایکسپریس کے مغویوں کو بازیاب کرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین

صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت دیگر اہم شخصیات نے جعفر ایکسپریس آپریشن میں مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور مسافروں سمیت ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سیکیورٹی فورسز کو جعفر ایکسپریس آپریشن کی کامیابی اور مغویوں کی بحفاظت بازیابی پر خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے 21 شہریوں اور 4 ایف سی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس گھنائونے فعل سے شدید صدمے میں ہے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھرپور طریقے سے آپریشن شروع کیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کرایا۔ وہاں پر موجودتمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیاہے۔ سیکیورٹی فورسز کے نشانہ بازوں نے خودکش بمباروں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آپریشن کامیاب ہوچکا ہے اور آپریشن کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا۔ آپریشن سے پہلے دہشت گردوں نے 21 معصوم شہریوں کو شہید کیا۔ آپریشن کے دوران 4 ایف سی کے اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

صدر مملکت کا بیان:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نےآپریشن کے دوران 21 شہریوں اور 4 ایف سی جوانوں کی شہادت پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر کاروائی میں 33 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے شہریوں اور مسافروں کو بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔صدر مملکت نے جامِ شہادت نوش کرنے پر 4 ایف سی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا صدر مملکت نے آپریشن جعفر ایکسپریس کے شہداء کیلئے بلندی درجات، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے بلوچستان میں قیامِ امن اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا بیان:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر گھنائونے دہشت گرد حملے سے شدید صدمے میں ہے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے، ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ان کی وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے بات ہوئی جنہوں نے انہیں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے گھنائونے دہشت گرد حملے کی تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اس گھنائونے فعل سے شدید صدمے میں ہے اور معصوم جانوں کے ضیاع پر غمزدہ ہے،ایسی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ کا بیان:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےدہشتگردوں کی جانب سے جعفرایکسپریس میں یرغمال بنائے گئے تمام مسافروں کو بازیاب کرانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اوردہشتگردوں کی فائرنگ سے 21 مسافروں اور 4 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔ اپنے بیان میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے تمام 33 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خواتین اور بچوں کی جانیں بچانے کیلئے انتہائی احتیاط سے آپریشن کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔دہشتگردی کا یہ واقعہ انتہائی دلخراش ہے۔ ہر شہری افسردہ اور رنجیدہ ہے۔ معصوم بچوں اور خواتین کو انسانی ڈھال بنانا انتہائی غیر انسانی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا اور تمام درندوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ محسن نقوی نے کہا کہ د ہشتگرد اس دھرتی کا بوجھ ہیں اور قوم کی حمایت سے اس ناسور کے ہمیشہ کے لئے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔ دہشتگردوں کے ساتھ سہولت کاروں سے بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

وزیر اطلاعات و نشریات کا بیان:
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے جعفر ایکسپریس کے دلسوز واقعہ پر پی ٹی آئی، بھارتی میڈیا اور بی ایل اے کے جھوٹے پروپیگنڈے اور اس گھنائونے حملے پر سیاست کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی جعفر ایکسپریس واقعہ پر ایک زبان بول رہے تھے، حملے سے متعلق جعلی ویڈیوز اور جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں، سیکورٹی فورسز نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا،آپریشن کے دوران کسی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، 4 فوجی جوانوں اور 21 شہریوں کی شہادت آپریشن سے پہلے ہوئی، دوران آپریشن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پاک فوج، ایس ایس جی، ایف سی، رینجرز اور پولیس کی مہارت سے ملک بڑے نقصان سے محفوظ رہا۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔

بدھ کو بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کے دلسوز واقعہ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا، 33 دہشت گرد پاکستانی شہریوں کو یرغمال بنانے آئے تھے جنہیں جہنم واصل کیا گیا، 21 شہری اور 4 ایف سی کے جوان آپریشن سے پہلے شہید ہوئے، آپریشن کے دوران پاک فوج، ایف سی اور رینجرز کے جوانوں نے مہارت، بہادری اور دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا،دہشت گرد خودکش جیکٹیں پہنے ہوئے یرغمالیوں کے درمیان موجود تھے، ان دہشت گردوں کو انتہائی مہارت کے ساتھ جہنم واصل کیا گیا۔ خودکش جیکٹس پہنے ہوئے دہشت گردوں کو جب ٹارگٹ کر کے ختم کیا گیا تو یرغمالیوں کو وہاں سے نکلنے کا موقع ملا، 100 سے زائد یرغمالیوں کو بحفاظت ان کے گھروں اور محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا جو پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹرین میں 440 لوگ سوار تھے،پاک فوج، ایس ایس جی، ایئر فورس، ایف سی اور رینجرز نے بڑی مہارت سے یہ آپریشن مکمل کیا اور قوم کو بڑے نقصان سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے حوالے سے بھارتی میڈیا کی طرف سے پروپیگنڈا کیا گیا، ایسا لگ رہا تھا کہ وہ اس چیز کے لئے پہلے سے تیار تھے اور فوری طور پر ان تک تمام چیزیں پہنچ رہی تھیں، ان ویڈیوز کو کیسے جھٹلائیں گے، ڈرون فوٹیج سامنے آگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجیکل ایڈوانسمنٹ کو بروئے کار لاتے ہوئے پاک فوج نے بھرپور آپریشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان میں اس اندوہناک واقعہ کو اپنی سیاست چمکانے کے لئے استعمال کیا، انڈین میڈیا، بی ایل اے اور پی ٹی آئی اس واقعہ پر ایک ہی زبان بول رہے تھے،کاش وہ ایک دن کے لئے پاکستانی بن کر سوچتے، اس آپریشن کے حوالے سے مستند معلومات کو استعمال کر کے اس پر بات کرتے، افسوس کہ یہ موقع بھی انہوں نے اپنے مفاد میں استعمال کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے 21 شہریوں اور پاک فوج کے 4 جوانوں کی شہادت پر ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی ہے اور غازیشن کو آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے پر شاباش دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران کسی جانی نقصان کا نہ ہونا معجزے سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے انتہائی ذمہ داری سے اس آپریشن کو انجام دیا جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے لیکن اس پر جو سیاست کھیلی گئی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں اور اسے رد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ پی ٹی آئی، بی ایل اے اور انڈین میڈیا نے جو کھیل کھیلا، اس کا ہم نے بھرپور مقابلہ کیا اور انہیں بتایا کہ قطعاً مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ جہاں بی ایل اے اور انڈین میڈیا کو شکست ہوئی، اس کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کو بھی شرمسار ہونا چاہئے کہ وہ ایک ایسی زبان بول رہے تھے جو قومی مفاد کے خلاف تھی، اس موقع پر کم از کم سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہ کرتے، ایک دن پاکستانی بن کر پاکستان کے مفاد کے بارے میں سوچتے کہ کس بہادری کے ساتھ نہ صرف لوگوں کو بازیاب کرایا گیا اور قوم بڑے نقصان سے محفوظ رہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہم جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، جب تک دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ نہیں ہوجاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ہم پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف ہماری سیکورٹی فورسز، افواج پاکستان، پولیس، رینجرز متحرک ہیں، ان دہشت گردوں کا تعاقب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، حکومت پاکستان، افواج پاکستان، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سب کا غیر متزلزل عزم ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایل اے کے دہشت گردوں نے اپنے آپ کو ایکسپوز کیا، ان کی سازش ناکام ہوئی، وہ کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کے لئے حوصلے اور ہمت کے ساتھ پوری طرح تیار ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی بات ہوئی، کل وزیراعظم بلوچستان کا دورہ کریں گے اور وہاں لائحہ عمل پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔

گورنر سندھ کا بیان:

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جعفر ایکسپریس آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور21 شہریوں اور 4 ایف سی جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و افسوس کا اظہارکیا۔ گورنر سندھ نے 33 دہشت گردوں کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کی جرات و بہادری کو سراہااورشہریوں اور مسافروں کی بحفاظت بازیابی پر سیکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے مادر وطن کے لیے جام شہادت نوش کرنے والے ایف سی جوانوں کو خراج عقید ت پیش کیا اورشہداء کے درجات کی بلندی اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *