پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے اپنی مقبول ہیچ بیک گاڑی ویگن آر کے تمام ویرینٹس کی بکنگ مستقل طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پاک سوزوکی کے مطابق یہ فیصلہ 11مارچ 2025 سے فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ گزشتہ کچھ عرصے سے ویگن آر کے ٹاپ ویرینٹ کی بکنگ بند ہونے کے بعد ہی افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ دیگر ویرینٹس کی بکنگ بھی ختم کر دی جائے گی اور اب کمپنی نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔
پاک سوزوکی نے اپنے ڈیلرز کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ تمام ممکنہ خریداروں کو اس بارے میں مطلع کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ ویگن آر کو پاکستان میں 2014 میں متعارف کرایا گیا تھا اور یہ گاڑی تین ویرینٹس میں دستیاب تھی۔ بیسک ویرینٹ کی قیمت 8 لاکھ 99 ہزار روپے، وی ایکس آر کی قیمت 10 لاکھ 49 ہزار روپے، جبکہ وی ایکس ایل کی قیمت 10 لاکھ 89 ہزار روپے رکھی گئی تھی۔
بعد ازاں کمپنی نے بیس ویرینٹ VX کو بند کر دیا اور 2020 میں ایک نیا AGS ویرینٹ متعارف کرایا، جو آٹومیٹک گیئر شفٹ ٹرانسمیشن (AGS)، ایئر بیگ اور دیگر جدید فیچرز کے ساتھ پیش کیا گیا۔ اس وقت اس گاڑی کی قیمت 18 لاکھ 90 ہزار روپے تھی۔
پاک سوزوکی کے اس فیصلے کے بعد اب مارکیٹ میں ویگن آر کی دستیابی محدود ہو جائے گی۔