قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔
قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کرتی ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق جامع اور پائیدار نتائج کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام فریق مثبت جذبے، تعمیری کوششوں اور مشترکہ تعاون کو برقرار رکھیں۔
قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان سمیت تمام علاقائی اور عالمی شراکت داروں کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
بیان میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ فریقین مذاکراتی عمل کو مثبت انداز میں جاری رکھتے ہوئے مشترکہ تعاون کے ذریعے پائیدار نتائج کے حصول کی جانب پیش رفت کریں گے۔