رمضان المبارک میں کراچی میں درجہ حرات بڑھنے کے ساتھ ہی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کا جینا دشوار ہو گیا ہے، شہریوں نے کراچی کے متعدد علاقوں میں 18 گھنٹوں کی طویل لوڈشیڈنگ کی شکایت کی ہے جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنی ’کے الیکٹرک‘ نے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا دعویٰ کیا ہے۔
کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں سے تجاوز کر گیا ہے، جس سے شہریوں کا جینا دشوار ہو گیا ہے جبکہ کے- الیکٹرک نے یہ دعویٰ کیا ہے شہر میں بجلی کی روانی معمول کے مطابق ہے اور زیادہ سے زیادہ لوڈ شیڈ یگ کا دورانیہ 10 گھنٹے ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ اس حد تک لوڈ شیڈنگ کے باعث انہیں روز مرہ کے معاملات اور نماز تروایح کی ادائیگی میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہونے والوں علاقوں میں کورنگی، لانڈھی، بھینس کالونی، ملیر، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی، لیاری، محمودآباد، منظور کالونی، کورنگی کراسنگ، نیو کراچی، سو راجنی ٹاؤن ، بلدیہ ٹاؤن ، اورنگی، سائٹ، کیماڑی، ایف سی ایریا اور دوسرے علاقے شامل ہیں۔
لوڈ شیڈنگ کے باعث متاثرہ شہریوں میں سب سے زیادہ غریب اور متوسط طبقہ شامل ہے جن کے پاس گرمی سے بچنے کے متبادل ذرائع موجود نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ کے- الیکٹرک کے نمائندہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں 70 فیصد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے جبکہ بجلی کی کمی کے باعث 30 فیصد علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔