ٹی 20 ورلڈ کپ تنازع : اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کیخلاف آواز اٹھائی جائے، اعصام الحق

ٹی 20 ورلڈ کپ تنازع : اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کیخلاف آواز اٹھائی جائے، اعصام الحق

 پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور مایہ ناز ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کے خلاف آواز اٹھائی جائے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تنازع سے متعلق گفتگو  میں کہا کہ بھارت سمجھتا ہے کرکٹ نہ کھیل کر پاکستان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا  کہ محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر ہیں جس کے تحت بنگلادیش کرکٹ بورڈ بھی آتا ہے،  وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلادیش کے لیے قدم اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 6 سال قبل بھارت کیخلاف پاکستان ٹینس فیڈریشن نے آواز اٹھائی اور پھر بھارتی ٹیم ڈیوس کپ کھیلنے پاکستان آئی تھی،  بھارت کو یکطرفہ طور پر کرکٹ پر غلبہ پانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کی آئی سی سی کے دوہرے معیار پر سخت تنقید

اعصام الحق نے  کہا کہ ہاتھ نہ ملانے پر بھارت کی ذہنیت ظاہر ہوتی ہے، پاکستان ورلڈ کپ جیتے نہ جیتے لیکن ایسے فیصلے پر پاکستان ورلڈ کپ جیت گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اگر دیگر کھیلوں میں بائیکاٹ نہیں کرتا تو پاکستان کو بھی دیگر کھیلوں میں بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے، بھارت کو ہمیشہ کھیل کی دعوت دی لیکن بھارت خود پاکستان نہیں آیا۔

صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن نے مزید کہا کہ ڈیوس کپ میں بھی بھارت پاکستان آنے کا بائیکاٹ کر رہا تھا مگر پاکستان ٹینس فیڈریشن نے کیس لڑا، بھارتی ٹینس پر پابندی لگائی جارہی تھی تو بھارتی ٹیم پاکستان آئی۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا بھارت کیخلاف کھیلنے سے انکار، آئی سی سی پریشان

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ کی وجہ سے دیگر کھیل بھی متاثر ہوتے ہیں، بھارت میں پاکستانی کھلاڑی نہیں جاسکتے کیونکہ ویزا بند ہے مگر بھارتی کھلاڑی جب بھی پاکستان آئے ہیں انہوں نے انجوائے کیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے  15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے ۔

editor

Related Articles