وزیراطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بیرون ملک بیٹھے بھگوڑے ملک کے خلاف زہر افشانی کر رہے ہیں اور جشن منا رہے ہیں، سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف زہر اگلنے والے غیر ملیکوں کے آلہ کارہیں، کیا کوئی پاکستانی سانحہ جعفر ایکسپریس پر جشن منا سکتا ہے؟
پیر کو پریس کانفرن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے جعفر ایکسپریس پر اور دیگر دہشتگردوں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات کو سیاسی رنگ دینے والے قابل رحم اور قابل مذمت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی جماعت کہلانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے، جعلی ویڈیوز کے ساتھ تجزیہ کار مختلف فورمز پر ملک کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے آفیشل اکاونٹس سے ٹویٹ کیے جاتے ہیں، پاکستان پر مشکل وقت ان کے لیے خوشی کا وقت ہے، پی ٹی آئی کے بھگوڑے ملک میں دہشتگردی کی لہر پرجشن منا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے پی ٹی آئی کے بھگوڑے پاکستان کے خلاف زہرافشانی کر رہے ہیں، کے پی کے میں امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ افغانوں کا پاکستان کی شہریت دو، دوسری جانب پاکستان میں دہشتگردی کے تمام تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ بھی ملوث ہے ، بھارتی میڈیا کو پہلے سے پتا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ ہونے والا ہے، بنوں دھماکے میں افغان دہشتگرد ملوث تھے۔ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے۔ پاک فوج نے بہترین انداز میں جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کیا۔