سندھ حکومت نے نوکریوں کی تلاش کے لیے ایک باضابطہ پورٹل کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے اہل افراد میرٹ کی بنیاد پر مناسب نوکری حاصل کر سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے پورٹل کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پورٹل سندھ حکومت کی گریڈ ایک سے چار تک کی نوکریوں کے علاوہ گریڈ پانچ سے پندرہ تک کی نوکریوں کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عام افراد بھی اس پورٹل کے ذریعے نوکری کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، اور نوکری میرٹ کی بنیاد پر، “پہلے آئیں، پہلے پائیں” کے اصول پر فراہم کی جائے گی۔ نوکری کے حصول کے لیے کسی بھی قسم کی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، صرف رجسٹریشن ضروری ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پورٹل سے ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر محکموں کے افراد بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ فی الحال یہ پورٹل صرف سندھ میں لانچ کیا گیا ہے، اور سندھ کے تمام شہر کے نوجوان اس پر درخواست دے سکتے ہیں۔
گورنمنٹ اور پرائیویٹ نوکریوں کے لیے علیحدہ علیحدہ آپشنز بھی موجود ہیں، اور جو افراد معیار پر پورا اتریں گے، انہیں نوکری دی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ نوکریاں کنٹریکٹ بیسڈ اور کچھ ڈیلی ویجز پر ہوں گی، اور ان کے لیے بھی درخواست دی جا سکتی ہے۔ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ رجسٹرڈ ہو کر اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔