مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا احسان نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کی تردید کر دی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا احسان نے آزاد ڈیجیٹل کو بتایا کہ ان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں پراپیگنڈا اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ن لیگی تھا، ہوں اور رہوں گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی جوائن کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
رانا احسان نے کہا کہ میرا خاندان پچھلے 30 سال سے نون لیگ کے ساتھ وابستہ تھا اور رہے گا۔ میرے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سوشل میڈیا پر خبر زیرِ گردش تھی کہ رانا احسان نے چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات میں مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے تاہم رانا احسان کی جانب سے اس خبر کی واضح تردید کر دی گئی۔