قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عامرجمال نے سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوگ کو پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی انگریزی کا مذاق اڑانے پر مشورہ دیا ہے کہ وہ ’کرکٹ‘ چھوڑ کر سوشل میڈیا پر مسخرہ پن کریں اس سے ان کے فالورز میں بھی اضافہ ہوگا۔
بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ابھی ایکس اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر گردش کرتی ایک ویڈیو دیکھی، جو کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر برڈ ہوگ کی ہے، بریڈ ہوگ جو خود کو ایک بین الاقوامی کرکٹر کہتے ہیں، ان کی یہ ویڈیو انتہائی شرمناک حرکت ہے ۔
عامر جمال نے مزید لکھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی انگریزی کا مذاق اڑانا، جو حتیٰ کہ ان کی دوسری نہیں بلکہ تیسری زبان بھی نہیں ہے انتہائی شرمناک بات ہے۔
عامر جمال نے اپنی پوسٹ میں سابق آسٹریلوی کرکٹر برڈ ہوگ کو مشورہ دیا کہ ’میں آپ کو مشورہ دوں گا کہ آپ کرکٹ چھوڑ کر ’ٹک ٹاکر‘ بن جائیں کیونکہ آپ کو دوسرے لوگوں کی توجہ چاہیے اور اس کے لیے دوسروں کا مذاق اڑا کر آپ کے فالوورز میں بھی اضافہ ہوگا، آپ کی کمیونٹی کرکٹ نہیں بلکہ دوسرے لوگوں کا مذاق اڑانا اور مسخرہ پن ہے۔