بانیٔ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو آنکھ کے فالو اپ معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں انٹرا ویٹریل انجیکشن کی پانچویں ڈوز لگا دی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ شب اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال لایا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق آنکھ میں انجیکشن لگایا گیا جس کے بعد انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
چیرمین بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے علاج کا باقاعدہ فالو اپ جاری ہے اور اس سے قبل بھی انہیں چار انٹرا ویٹریل انجیکشن لگائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج صبح انہیں اطلاع دی گئی کہ پمز اسپتال میں بانی پی ٹی آئی کا فالو اپ معائنہ مکمل کیا گیا ہے اور طبی ٹیم نے ضروری علاج جاری رکھا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو پمز اسپتال کے بجائے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو ان تک رسائی دی جائے تاکہ وہ ان کی صحت سے متعلق آگاہ رہ سکیں۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو سخت سیکیورٹی میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں مکمل طبی پروٹوکول کے تحت ان کا معائنہ اور علاج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کے علاج کا یہ پانچواں انٹرا ویٹریل انجیکشن تھا اور طبی ماہرین کے مطابق علاج کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔