عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز قرض کی منظوری دیدی

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز قرض کی منظوری دیدی

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی، اس قرض سے پاکستان بھر میں کم آمدنی والے گھرانوں سمیت تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان کے قابل رسائی مائیکرو فنانس (آر اے ایم ) منصوبے کے لیے 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد مائیکرو کریڈٹ تک رسائی کو بہتر بنانا اور مائیکرو فنانس کے شعبے کو فروغ دینا ہے ، خاص طور پر قرض لینے والوں کے لیے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث مشکلات اور مختلف چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :عالمی مالیاتی ادارے کی پاکستان کے تجارتی خسارے میں اضافے کی پیش گوئی

عالمی بینک کے مطابق اس رقم کا استعمال غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں کو قرضوں کی فراہمی کی صورت میں کیا جائے گا۔ عالمی بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس قرضے کا مقصد پاکستان کی پسماندہ کمیونٹی کے لیے فنانشل سروسز تک رسائی کو بہتر بنانا ہے اور توقع ہے کہ تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔

آر اے ایم پروجیکٹ مائیکرو فنانس اداروں کو مالی وسائل فراہم کرے گا، جس سے وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مالی دباؤ میں بھی خدمات جاری رکھ سکیں گے۔ اس منصوبے کا ایک اہم جزو یہ ہے کہ اس کے ذریعے افراد اور چھوٹے کاروباروں کو ’ریکوری لونز‘ کی پیش کش کی جائے گی، جس سے انہیں مالی استحکام حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

اس منصوبے کو 2022 کے سیلاب جیسے مسائل سے نمٹنے کی بنیاد پر ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں خاص طور پر خواتین، چھوٹے کسانوں اور دیہی علاقوں کی کمیونٹی کی مشکلات کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

یہ منصوبہ وزارت خزانہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے نافذ کیا جائے گا اور یہ اس شعبے کی معاونت کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے سلسلے میں پہلا منصوبہ ہوگا۔ اسے دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ قریبی اشتراک سے مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔

’آر اے ایم‘ پروجیکٹ کے اہم اجزا میں کلائمیٹ رسک فنڈ کا قیام، زرعی ٹیکنالوجی کا استعمال، مائیکرو فنانس اداروں کے لیے استعداد کار میں اضافہ اور رسک مینجمنٹ فریم ورک کی ترقی شامل ہیں۔

اس منصوبے کو گلوبل شیلڈ فنانسنگ فیسیلٹی (جی ایس ایف ایف) کی جانب سے 23 ملین ڈالر کی گرانٹ دی گئی ہے، جو ورلڈ بینک گروپ کی میزبانی میں ایک ملٹی ڈونر ٹرسٹ فنڈ ہے۔ جی ایس ایف ایف کو کینیڈا، جرمنی، جاپان، لکسمبرگ اور برطانیہ کی حکومتوں کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *