نوجون کرکٹر حسن نواز کی شاندار کارکردگی پر والد اور والدہ کا ردِعمل بھی آگیا۔
حسن نواز کی والدہ نے بیٹے کی شاندار کارکردگی پر کہا کہ حسن نواز کی محنت رنگ لے آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج کا میچ اس لیے نہیں دیکھا کہ کہیں بیٹے کو میری ہی نظر نہ لگ جائے۔ حسن نواز کے والد نے بھی اس موقع پر گفتگو کی اور کہا کہ کم سائل کے باوجود حسن نے اپنے سفر میں ہمت نہیں ہاری، انہوں نے لیہ کے پسماندہ علاقے کوٹلہ حاجی شاہ سے اپنا سفر شروع کیا۔
نوجوان کرکٹر کے والدین نے کہا کہ بیٹے کی عمدہ کارکردگی پر بہت خوش اور اپنے رب کے شکرگزار ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی بلے باز حسن نواز ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچری بنانیوالے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔نوجوان بلے باز حسن نواز نے بابراعظم کا تیز ترین سنچری کا ریکارڈ توڑدیا۔ 22 سالہ حسن نواز نے آکلینڈ میں کھیلے جانیوالے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 44 گیندوں پر سنچری بنائی، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔حسن نواز نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا اور شاندار بلے بازی پر پلئیر آف دی میچ قرار پائے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ یہ میچ حسن نواز کے کیرئیر کا تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل تھا۔
اس سے قبل بابراعظم نے 2021 میں 49 گیندوں پر جنوبی افریقہ کیخلاف سنچری اسکور کی تھی۔تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان نے کیویز کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔5میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے دو اور پاکستان نے ایک میچ جیت رکھا ہے۔