بلوچستان حکومت نے ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں انتظامی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں قومی ترانہ پڑھا جائے گا اور پاکستان کا قومی پرچم لہرانا لازمی ہوگا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر کسی ادارے کا سربراہ ان احکامات پر عملدرآمد نہیں کرا سکتا تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی شاہراہ کو بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے خلاف بیانیہ اپنانے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر کا ہر سطح پر ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔