نبی کریم ﷺ کے فرمان کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں ہزار مہینوں سے افضل، رحمتوں، برکتوں والی رات ’لیلۃ القدر‘ کی تلاش میں لاکھوں نمازی مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ پہنچ گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق رمضان المبارک کے آخری عشرے کی دوسری طاق رات یعنی 25 رمضان المبارک کو مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں شب قدر کی تلاش میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا جس میں ایک اندازے کے مطابق 25 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے شرکت کی ہے۔
آخری عشرے کی 25 ویں شب کے موقع پر مسجدالحرام اور مسجد نبویﷺ میں نمازیوں نے نوافل ادا کیے، قرآن کریم کی تلاوت کی اور رب کے حضور خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق مسجدالحرام اور مسجدنبوی ﷺکی چھتوں، صحن اور ارد گرد شاہراہوں،کلاک ٹاور روح پرور مناظر پیش کر رہے تھے، ہر جگہ کوئی ہاتھ کھڑے کیے آنسو بہا رہا تھا اور کوئی سجدہ ریز تھا۔
عازمین نے طواف وعمرہ کے بعد نماز تراویح، قیام اللیل اور اجتماعی دعاؤں میں شرکت کی، اس موقع پر زائرین کے تحفظ کے لیے 20 ہزار پبلک سیکیورٹی فورس کے اہلکار مصروف عمل رہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فورس نے ہجوم کےکنٹرول و منظم کرنے کے لیے راہداری کی نگرانی کی، فورسز نے ٹریفک کی روانی، نقل وحرکت کو یقینی بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور مواصلاتی نظام کا استعمال کیا۔