عیدالفطر 31 مارچ کو ہونے کا امکان ہے، سپارکو کی نئی پیش گوئی

اسکائی اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے نئی پیش گوئی کی ہے کہ عید الفطر 31 مارچ کو ہونے کا قوی امکان ہے۔ ایک بیان میں سپارکو کا کہنا تھا کہ سائنسی پیرامیٹرز کو دیکھتے ہوئے پاکستان میں 30 مارچ 2025 کو شوال کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک 29 دن میں مکمل ہونے کا امکان ہے اور عید الفطر کا پہلا دن 31 مارچ 2025 کو منائے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں 29 مارچ 2025 کو چاند نظر آنے کے امکانات تقریباً ناممکن ہیں کیونکہ مکہ مکرمہ میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 5 گھنٹے ہوگی۔ اس حوالے سے سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ میں 30 مارچ 2025 کو چاند نظر آنے کا امکان ہے اور امکان ہے کہ وہ 31 مارچ 2025 کو ہی عید منائیں گے۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے عید الفطر پر 31 مارچ سے 2 اپریل تک 3 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل کمیٹیوں کا اجلاس 30 مارچ کی شام کو شوال کا چاند دیکھنے کے لیے ہوگا جس میں رمضان المبارک کے ممکنہ اختتام کی نشاندہی کی جائے گی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 7 مارچ کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق شوال 1446ہجری کا چاند 30 مارچ کی شام کو نظر آنے کا قوی امکان ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سپارکو نے پیش گوئی کی تھی کہ رمضان المبارک کا آغاز 2 مارچ سے ہوگا جبکہ عید الفطر 31 مارچ کو ہوگی۔

عید الفطر اسلامی قمری کیلنڈر میں ایک اہم تہوار ہے، جو رمضان کے اختتام پر منایا جاتا ہے، جب دنیا بھر کے مسلمان روزے کا ایک مہینہ عبادات میں گزارتے ہیں۔ اس ہفتے کے اوائل میں پاکستان ریلوے نے عید الفطر سے پہلے اور بعد میں سفر کرنے والے مسافروں کی سہولت کے لیے 4 خصوصی ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *