بیرون ملک مقیم افراد کو شناختی دستاویزات کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نادرا نے نئے دفاتر کا افتتاح کردیا۔
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نادرا نے دنیا بھر کے اہم ممالک میں اپنے دفاتر اور کاؤنٹرز کا نیٹ ورک مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ان مراکز کے ذریعے اوورسیز پاکستانی اب اپنے قریب ترین مقام پر ہی شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات سے متعلق خدمات حاصل کر سکیں گے۔
نادرا کے مطابق جن ممالک میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد موجود ہے، وہاں پاکستانی سفارتخانوں کے تعاون سے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں نادرا کاؤنٹر کا افتتاح ہو چکا ہے جبکہ بحرین (ماناما)، کینیڈا (مانٹریال، وینکوور)، جنوبی افریقہ (پریٹوریا)، اور اٹلی (میلان) میں نئے کاؤنٹرز جلد فعال ہو جائیں گے۔
اس کے علاوہ امریکا (واشنگٹن، نیویارک، شکاگو، لاس اینجلس، ہوسٹن)، کینیڈا (ٹورنٹو)، آسٹریلیا (سڈنی)، اسپین (میڈرڈ)، یونان (ایتھنز)، جرمنی (برلن)، فرانس (پیرس)، ترکی (استنبول)، ملائیشیا (کوالالمپور) اور کویت میں بھی نادرا کے مراکز کام کر رہے ہیں۔
نادرا نے سعودی عرب اور برطانیہ میں موبائل رجسٹریشن سروسز بھی متعارف کرائی ہیں۔ سعودی عرب میں جدہ، ریاض اور مدینہ منورہ میں نادرا کے مراکز کام کر رہے ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات (دبئی، ابوظہبی)، قطر (دوحا) اور برطانیہ (لندن، مانچسٹر، برمنگھم، بریڈفورڈ) میں بھی نادرا کے دفاتر فعال ہیں۔