سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے مملکت کے تمام مسلمانوں سے ہفتہ کی شام (29 رمضان) کو عیدالفطر کا چاند دیکھنے کی اپیل کر دی۔
سعودی عرب میں چاند نظر آنے کی صورت میں عید الفطر بروز اتوار 30 مارچ 2025 کو ہوگی ورنہ رمضان المبارک کا مہینہ مکمل 30 دن کا ہوگا اور سعودی عرب میں عید الفطر 31 مارچ کو منائی جائیگی۔
سپریم کورٹ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ جو بھی شخص چاند دیکھے، وہ قریبی عدالت پہنچ کر اپنی گواہی درج کروائے۔
دوسری جانب سعودی اور پاکستانی ماہرین فلکیات نے 31 مارچ کوعیدالفطر کی پیشنگوئی کر دی۔
سعودی عرب کے ماہرین فلکیات کے مطابق 30 مارچ کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش ہفتہ کے روز دن 2 بجے ہوگی اورسورج غروب ہونے کے بعد تقریباً 8 منٹ تک نظر آسکے گا۔
تاہم پاکستان کے اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ سعودی عرب میں 29 رمضان (29 مارچ) کو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں کیونکہ مکہ میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف5 گھنٹےہوگی۔
سپارکو کے مطابق سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ میں چاند 30 رمضان (30مارچ ) کو نظر آئے گا، جس کے بعدعید الفطر 31 مارچ کو منائی جائے گی۔ پاکستان میں بھی عید الفطر 31مارچ بروز سوموار ہونے کا قوی امکان ہے۔ تاہم چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔