عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت وفاقی وزرا و اہم شخصیات نے پاکستانیوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
صدر مملکت کا پیغام
صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے پوری قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارکباددیتے ہوئے کہا ہےکہ خوشی کا یہ دن ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے جو اللہ نے ہمیں روزے کی مشقت پر عطا کیا ہے۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس موقع پر میں اہل مقبوضہ جموں و کشمیر کیلئے بھی دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی کے ساتھ عید نصیب فرمائے۔صدر مملکت نے کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے روزے اور عبادات قبول فرمائے اور پاکستان کو امن اور خوشحالی کی راہ پر ڈال دے۔ آمین!
وزیراعظم کا پیغام
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بابرکت موقع پر میں پوری پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ دن ہمیں خوشی، شکرگزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے، رمضان المبارک میں تقویٰ، صبر اور قربانی کی جو تربیت ہمیں ملی، ہمیں چاہیے کہ اسے اپنی زندگیوں میں رمضان کے بعد بھی جاری رکھیں اور اسلامی اصولوں پر کاربند رہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عید کی خوشیوں میں اپنے کمزور اور ضرورت مند بہن بھائیوں رشتہ داروں اور پڑوسیوں کو شریک کریں، ان کی مدد کریں اور ایک فلاحی معاشرہ تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس بابرکت دن کے حقیقی پیغام کو سمجھنے اور اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین،پاکستان پائندہ باد!
ایاز صادق کا پیغام
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر پاکستانی قوم، دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کا دن خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبے کو تقویت دینے اور شکر گزاری کا درس دیتا ہے۔ عیدالفطر نہ صرف ایک تہوار ہے بلکہ رمضان المبارک کے روزوں، عبادات، صبر اور قربانیوں کے بعد اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پر مسرت موقع پر اپنے اردگرد موجود ضرورت مندوں، غریبوں، یتیموں اور بے سہارا افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی کی نعمت عطا فرمائے۔ انہوں نے دعا کی کہ عیدالفطر کا یہ مقدس دن پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کے لیے امن و خوشحالی کا باعث بنے۔
بلاول بھٹو زرداری کا پیغام
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستانی عوام بالخصوص اور پوری امت مسلمہ بالعموم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عید خوشی، شکرگزاری اور مسرت کا تہوار ہے—یہ ایمان اور اتحاد کا جشن ہے اور ہمیں اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں کو یاد دلانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ عید ہمیں ہمدردی، بھائی چارے اور ضرورت مندوں کا ساتھ دینے کی اہمیت سکھاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ شدت پسندی اور انتشار کی قوتوں کے خلاف ڈٹی رہی ہے۔ہم ایک برابر، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، جو قائداعظم محمد علی جناح، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا۔اس مبارک موقع پر، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا کہ وہ اتحاد، برداشت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے۔ آئیے ہم عہد کریں کہ ہم ایک ترقی پسند، جامع، مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں گے۔
اعظم نذیر تارڑ کا پیغام
وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے تمام اہل وطن کو عید الفطر کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا یہ پرمسرت موقع شکرگزاری، ہمدردی اور اتحاد کا درس دیتا ہے۔وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر نے دعا کی کہ یہ بابرکت دن ہمارے ملک اور امت مسلمہ کے لیے امن، خوشحالی اور مسرت کا پیغام لے کر آئے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس موقع پر ضرورت مندوں کو یاد رکھیں اور ایثار و مہربانی کے جذبے کو فروغ دیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اتحاد و یگانگت کے ساتھ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کی توفیق عطا فرمائے۔
طارق فضل چوہدری کا پیغام
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے تمام مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر کا دن ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا ہے۔وفاقی وزیر پارلیمانی امورنے کہا کہ اس عید پر ضرورت مندوں اور ناداروں کو اپنی خوشی میں شامل کریں، دعا ہے کہ یہ عید تمام مسلمانوں بالخصوص پاکستان کیلئے امن و امان کا باعث ہو، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو آزادی کی عید نصیب فرمائے۔