علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کا ٹاسک ، قیادت میں پھوٹ پڑ گئی ، سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہو گیا

علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کا ٹاسک ، قیادت میں پھوٹ پڑ گئی ، سوشل میڈیا پر طوفان  برپا ہو گیا

وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کا اہم ٹاسک سونپے جانے کے بعد تحریک انصاف میں شدید اختلافات کی لہر دوڑ چکی ہے، جس کے نتیجے میں پارٹی کی قیادت آپس میں آمنے سامنے آ گئی ہے۔ اس پر سوشل میڈیا پر شدید بحث شروع ہو چکی ہے، اور مختلف گروہ ایک دوسرے کے خلاف سرگرم ہو گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر چلنے والی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی اور نجی ٹی وی کی ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اسے جعلی قرار دیا۔


دوسری جانب علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کے قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں رہنماؤں کی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کی کوششیں اندرون خانہ جاری ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سیف کے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا کوئی علم نہیں ہے ۔

تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات وقاص اکرم نے کہا کہ عمران خان نے کسی کو اسٹیلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک نہیں دیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سیف کے اسٹیبلشمنٹ سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ۔ اس حوالے سے تمام معلومات جھوٹی ہیں اور ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

سیکورٹی ذرائع نے پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان ممکنہ رابطوں یا کسی معاہدے کی افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کوئی رابطہ یا ڈیل نہیں ہو رہی۔ اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ ذرائع کے مطابق اگر عمران خان 9 مئی کے فسادات پر معافی مانگتے ہیں، تو انہیں حکومت کے ساتھ بات چیت کرنے کی ضرورت ہوگی۔

ذرائع نے یہ بھی واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے کچھ حلقے جان بوجھ کر ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ مذاکرات ہو رہے ہیں، تاہم ان دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )میں مذاکرات کی خبر کی وجہ سے خلفشار اتنا بڑھ چکا ہے کہ پارٹی کی قیادت ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئی ہے ، جس کے باعث کارکنوں اور حامیوں میں بے چینی پھیل گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر اس بحث کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، اور مختلف گروہ ایک دوسرے کے خلاف سرگرم ہیں، جس نے پارٹی کے اندر مزید انتشار پیدا کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل نے ایک خبر بریک کی تھی کہ ’’عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی پیشکش پر نیم رضا مندی کا اظہار کیا ہےاور پارٹی کے بانی نے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دیا ۔‘‘

نجی ٹی وی چینل کی خبر کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کی اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جس کا مقصد اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات تھا۔

دونوں رہنماؤں نے عمران خان کو قائل کرنے میں کامیابی حاصل کی، اور اس دوران پارٹی کی قیادت پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید اور اداروں کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسی پر بھی گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا واضح ٹاسک دے دیا ہے، جس سے پارٹی میں داخلی کشمکش اور سیاسی ماحول مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *