احسن اقبال نے سی ایس ایس امتحان میں طلبا کی کامیابی کے لیے اہم تجویز پیش کر دی

احسن اقبال نے سی ایس ایس امتحان میں طلبا کی کامیابی کے لیے اہم تجویز پیش کر دی

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سول سروس میں داخلے کے لیے انگریزی کو لازمی مضمون قرار دیے جانے کے طریقہ کار کا ازسرنو جائزہ لیا جانا چاہیے کیونکہ انگریزی زبان کے پرچے میں فیل ہونے کی وجہ سے بہت سے باصلاحیت طلبا فیل ہو جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال سول سروسز ریفارم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پاکستان کی بیوروکریسی کو جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک جامع تنظیم نو کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ اگر ’سی ایس ایس‘ امتحان کے لیے انگریزی زبان کا تعین کرنا ہی اعلیٰ معیار ہے تو پھر پاکستان کی سول سروس دنیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سروس ہونی چاہیے لیکن ہم نے انگریزی کو عام شہری اور آبادی کی اکثریت کے خلاف امتیازی سلوک کی زبان کے طور پر استعمال کیا ہے۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے امتحان میں لازمی مضمون کے لیے ہماری قومی زبان اردو کو بھی انتخاب کے طور پر پیش کیا جانا چاہیے۔ اس سے قومی اتحاد کو فروغ ملے گا اور اردو کو قومی زبان کے طور پر ترقی ملے گی۔

وفاقی وزیر نے ماحولیات اور سماجی حقائق میں نمایاں تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے 1973 میں قائم ہونے والے سول سروس ماڈل پر نظر ثانی کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

پلاننگ ڈویژن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، اجلاس کے دوران کمیٹی نے تنظیم نو کے لیے کلسٹر بیسڈ سسٹم متعارف کرانے کی توثیق کی، جس میں پبلک سیکٹر میں پروفیشنلز کو شامل کرنے کے چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ بدلتے وقت میں پبلک سیکٹر کے بہت سے عہدیداروں کا ہنر اکثر ان کے کردار کے تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انہوں نے اس خلا کو پر کرنے اور سرکاری اداروں کے اندر کارکردگی بڑھانے کے لیے کارپوریٹ سیکٹر سے بہترین طریقوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے مختلف وزارتوں میں تکنیکی پیشہ ور افراد کی شدید کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے اس خسارے کو دور کرنے کی اشد ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ سرکاری شعبے کے ادارے ضروری مہارتوں اور ہنر سے لیس ہوں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *