پنجاب حکومت نے صوبے میں ٹیلنٹ ہنٹ اور یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پہلی بار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، جس کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اس پروگرام کے لیے جامع پلان کی تیاری کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو مالی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔
مزید برآں پنجاب حکومت نے صوبے میں یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا ہے، جس کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایک مکمل منصوبہ طلب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے بھرپور اظہار کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں گےاور خواتین کھلاڑیوں کو بھی برابر کے مواقع ملیں گے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کی تنخواہوں میں کسی قسم کا تعطل نہیں آنا چاہیے۔کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا میں امن کا فروغ ہے۔ کھیل معاشرے میں امن اور ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں اور نوجوانوں میں ٹیم ورک، مسابقت، اور برداشت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن اور کھیل لازم و ملزوم ہیں اور جہاں امن ہوگا، وہاں کھیل بھی ہوں گے۔ پنجاب حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے “کھیلتا پنجاب” پروگرام شروع کر رہی ہے اور اس کے تحت 300 گراؤنڈز اور اسپورٹس کمپلیکس بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔