محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں پاکستان سپر لیگ میچز کی سکیورٹی کیلئے آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کر لیے۔
فول پروف سکیورٹی میں پولیس کی معاونت کیلئے پاکستان آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کیے گئے، لاہور ، راولپنڈی اور ملتان کیلئے رینجرز کے 1، 1 ونگ اور آرمی کی 2، 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئیں۔
سپرلیگ کے لیے تینوں اسٹیشنز پر سپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی خدمات بھی طلب کی گئی ہیں ۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 10 کے میچز 11 اپریل سے 18 مئی تک شیڈول ہیں ، سکیورٹی کیلئے دستوں کی خدمات 6 اپریل سے 19 مئی تک طلب کی گئی ہیں
پاکستان سپر لیگ میں بین الاقوامی کرکٹرز اور میچ آفیشلز شرکت کر رہے ہیں ، ملکی و غیر ملکی معززین، کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور عملے کی شرکت کے باعث یہ ہائی پروفائل ایونٹ ہے۔
لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں میچز، ٹیموں کے قیام اور سفر کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات ہوں گے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی اور رینجرز کی خدمات کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ درخواست بھجوا دی ہے ۔