رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس عمران خان کی رہائی کیلئے کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کی موجودہ حالت ، سوشل میڈیاٹیموں کے رویے اور پی ٹی آئی کی لیڈرشپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں اس وقت انتشار ہے، اس حال میں عمران خان کی رہائی کا خواب دیکھنا محض ایک فریب ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان کا اکائونٹ بھی موناٹائزڈ ہے ، پی ٹی آئی کے موناٹائزڈ اکائونٹس کا کبھی آڈٹ نہیں ہوا، کئی لوگوں کی آنکھوں پر ڈالرز کی پٹی بندھی ہے، یہ لوگ سراسر جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گالم گلوچ کلچر نے تحریک انصاف کو رُسوائی دی، ہماری شناخت ایک بدتمیز اور لڑائی جھگڑے والے گروہ کی سی ہوگئی، اسی وجہ سے ہمیں انتشاری کہا جاتا ہے۔ ان لوگوں نے قسط وار کہانیاں گڑھی ہوتی ہیں، جب مخالفین کیخلاف خبریں کم پڑجاتی ہیں تو اپنوں کے پیچھے پڑ جاتے ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ ہر لیڈر نے سوشل میڈیا ٹیم بنائی ہوئی ہےاور عثمانی جنگوں کی طرح جنگیں ہوتی ہیں، ایک دوسر ے کیخلاف گالم گلوچ ہوتی ہے، کہاں گئی قیادت ؟ کیا اتنا منتشر ہوکر یہ عمران خان کو رہا کروائیں گے؟۔ جو ایک سپاہی کے ڈنڈے سے ڈر کر گھر سے نہیں نکلتے، کیا یہ لوگ انقلاب لائیں گے؟۔یہ نظر بھی نہیں آئیںگے، پی ٹی آئی کے پاس عمران خان کی رہائی کیلئے کوئی لائحہ عمل ہے ہی نہیں۔