پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے کسی دھرنے کی کوئی کال نہیں دی، ہم عمران خان کی بہنوں کی حمایت میں اڈیالہ جیل کے باہر آئے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علیمہ خانم کو حراست میں لینے کی مذمت کرتا ہوں۔ ہماری جانب سے پولیس پر کوئی پتھرائو نہیں کیا گیا اور نہ ہم نے دھرنے کی کوئی کال دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی بہنوں کی حمایت میں اڈیالہ جیل آئے تھے۔ عدالتی حکم ہے کہ عمران خان سے فیملی کی ملاقات ہونی چاہئے۔ عمران خان کی بہنوں کو حراست میں لینا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔ جیل انتظامیہ کی شرائط پر ملاقات کا کوئی آرڈر نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کرنیوالے پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنان سمیت عمران خان کی تینوں بہنوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے گرفتار ہونیوالے رہنمائوں میں صاحبزادہ حامد رضا، عالیہ حمزہ، قاسم نیازی اور شفقت اعوان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد کارکنان کو بھی پولیس نے گرفتار کیا۔
پولیس زیر حراست خواتین کو لے کر شاہ پور اسٹاپ پہنچ گئی، پولیس کی جانب سے تحویل میں لیے گئے تمام افراد، خواتین کو گھر جانے کی پیشکش کی گئی ہے۔