نیشنل سیونگز سینٹر سیالکوٹ رواں ماہ 1500 روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی کے انعقاد کے لیے تیار ہے، جس کے تحت شہریوں کو لاکھوں روپے کے انعامات جیتنے کا موقع ملے گا۔
حکام کے مطابق 1500 روپے کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی نمبر 106 ،15 مئی 2026 کو سیالکوٹ میں منعقد کی جائے گی، اس قرعہ اندازی میں پہلا انعام جیتنے والے خوش نصیب کو 30 لاکھ روپے کی خطیر رقم دی جائے گی، جبکہ دوسرے انعام کے طور پر تین افراد کو فی کس 10 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔
پرائز بانڈز پاکستان میں سرمایہ کاری کا ایک مقبول اور محفوظ ذریعہ تصور کیے جاتے ہیں، جہاں سرمایہ کار اپنی رقم محفوظ رکھتے ہوئے انعامات جیتنے کا موقع حاصل کرتے ہیں، ان بانڈز کی قرعہ اندازی سال بھر باقاعدگی سے مختلف شہروں میں منعقد کی جاتی ہے۔
شہری کسی بھی اسٹیٹ بینک کے ذیلی دفتر، نامزد کمرشل بینکوں کی شاخوں یا نیشنل سیونگز سینٹرز سے آسانی کے ساتھ پرائز بانڈ خرید سکتے ہیں۔ اس کے لیے درخواست فارم کے ساتھ درست شناختی کارڈ کی نقل جمع کروانا ضروری ہوتا ہے۔
انعام جیتنے والے افراد مقررہ کلیم فارم کے ذریعے اسٹیٹ بینک کے دفاتر، نامزد بینکوں یا نیشنل سیونگز سینٹرز سے اپنی انعامی رقم حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال فروری میں ہونے والی قرعہ اندازی میں پہلا انعام 30 لاکھ روپے پرائز بانڈ نمبر 429148 کے حامل فرد نے حاصل کیا تھا، جبکہ دوسرے انعام کے طور پر 430347، 591133 اور 628300 نمبر رکھنے والے افراد کامیاب قرار پائے تھے۔